گلیڈی ایٹرز کے پلیئرزاور آفیشلز کی فیملیز کےساتھ اسٹیڈیم میں نارواسلوک  

ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے محمد عامر، عمر امین اور معین خان کی فیملیز کو پلیئرز باکس سے باہر کر دیا جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے اس ناروا سلوک پر شدید احتجاج کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ملتان اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل، پی ایس ایل 9 کے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے چند پلیئرز کی فیملیز بھی موجود تھیں، محمد عامر، عمر امین اور معین خان کے اہل خانہ چیئرمین باکس کے قریب بنے باکس میں میچ دیکھ رہے تھے تاہم ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے وہاں جا کر انھیں باہر بھیج دیا، ان میں محمد عامر کے بچے بھی شامل تھے۔
 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے اس ناروا سلوک پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اس طرح کے اقدامات کی روک تھام کرے، ضلعی انتظامیہ کے افسروں کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ کھلاڑیوں کی فیملیز کے ساتھ اس طرح کا ناروا رویہ اختیار کریں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے میچ کے بعد شدید احتجاج کیا جس پر ضلع انتظامیہ اور سیکیورٹی افسر بھی وہاں پہنچے مگر کسی نے بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔