پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے نویں سیزن میں ہفتے کے روز واش آؤٹ ہونے والے مقابلوں کے ٹکٹس کی واپسی سے متعلق پی سی بی نے اہم اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں بارش سے متاثرہ میچز کے ٹکٹس کی واپسی کیلئے شائقین کرکٹ 12 مارچ تک مختلف برانچز کے مراکز پر رقم کی واپسی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
ٹکٹ کی واپسی پر رقم کی وصولی کیلئے شائقین کرکٹ کو اپنا اصل شناختی کارڈ پیش کرنا ہوگا، جس سے میچ کا ٹکٹ حاصل کیا گیا تھا جبکہ آن لائن خریدے گئے ٹکٹس کی ادائگیاں خریداروں کے بکنگ بینک اکاؤنٹس میں جمع کر دی جائیں گی۔
اسی طرح کارپوریٹ کے ذریعے خریدے گئے ٹکٹس صرف ادارے کو واپس کیے جاسکیں گے تاہم رقم کی واپسی کی انفرادی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
پی سی بی کی ٹکٹ واپسی کی پالیسی مندرجہ ذیل ہے!
شق 2.1 کے مطابق “اگر کوئی میچ کسی بھی وجہ سے منسوخ کر دیا جاتا ہے، بشمول خراب موسمی حالات یا دیگر غیر متوقع حالات، ایسے میچ کے ٹاس سے پہلے، ٹکٹ ہولڈرز ٹکٹ کی قیمت کی مکمل واپسی کے اہل ہوں گے۔
شق 3.3 کے مطابق، ایک درست درخواست موصول ہونے کے 10 کاروباری دنوں کے اندر ریفنڈز پر کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاور قلندرز اور پشاور زلمی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث تمام ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔