اسلام آباد: پی ایس ایل فائیو کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی نے پہلی اور دوسری گیند پر باؤنڈری لگا کر خطرناک عزائم کا اظہار کیا تاہم دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر وہ نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بلے باز ڈیوڈ میلان بھی نسیم کا شکار بنے، وہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کولن منرو 20 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے جس کے بعد کپتان شاداب خان خود بیٹنگ کے لیے آئے اور کولن انگرام کے ساتھ زبردست شراکت قائم کرکے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔
شاداب خان 25 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، آصف علی صرف 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، فہیم اشرف 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے، عماد بٹ صرف ایک چھکا لگانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کولن انگرام 40 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹیمل ملز نے 2،2 جب کہ بین کٹنگ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آخر میں کوئٹہ کو جیت کے لیے چار گیندوں پر 10 رنز درکار تھے کہ کٹنگ نے ایک چھکا مار دیا جس کے بعد تین گیندوں پر چار رنز درکار رہ گئے بعدازاں کٹنگ نے ایک اور چھکا لگا کر کوئٹہ کو فتح دلادی۔
واضح رہے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3وکٹ سے مات دی تھی۔