ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے آغاز سے قبل کوئٹہ اہم فرنچائز گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹادیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رائیلی روسو کو سرفراز احمد کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں ہونے والی ٹیم میٹنگ کے دوران ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ شین واٹسن نے رائیلی روسو کی تقرری کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ سرفراز احمد 8 سال تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رہے ہیں اور انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایرز کو ایک بار ٹائٹل بھی جتوایاہے۔
ٹیم اونر ندیم عمر نے گزشتہ دنوں ’’کرکٹ پاکستان‘‘ کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ شین واٹسن سرفراز احمد کو بریک دینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہے ہیں، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے 8 سال تک ٹیم کی قیادت کی، پاکستانی ٹیم، کراچی اور ہمارے کلب کے لیے، انہوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں پوری لگن کے ساتھ نبھائی ہیں۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں۔بدقسمتی سے فرنچائز کی کارکردگی پچھلے 3-4 سالوں میں اوپر نیچے ہوتی رہی ہے، کہا جاتا ہے کہ کپتان تب ہی اچھی کارکردگی دکھاتا ہے جب ٹیم اچھی ہو۔اس بار ٹیم میں بہتری آئی ہے، اب ہمارے نئے کوچ شین واٹسن پاکستان آ چکے ہیں، ان کا خیال ہے کہ سرفراز کو کپتانی سے بریک دینا چاہیے۔
ندیم عمر کا کہنا تھا کہ رائیلی روسو کے ساتھ ساتھ سعود شکیل کو ٹیم کا نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے، جو فرنچائز کے لیے قیادت کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے۔