اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر رمیز راجا نے کہا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی بالنگ میں اسپیڈ کی کمی نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حارث کو ٹی20 اور ون ڈے بالنگ میں فرق کرنا پڑے گا کیونکہ وہ مسلسل ایک روزہ کرکٹ میں لینتھ بال کررہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ہٹنگ کرنا آسان ہوتا ہے، سابق کرکٹر نے مشورہ دیا کہ حارث کو اپنا پیس اور یارکر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وکٹیں ملیں۔
سابق چیئرمین نے کہا کہ شاہین آفریدی کو بھی اپنی گیندبازی میں تھوڑی ویرییشن لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان پچز پر مزید موثر کردار ادا کریں۔ مان لیں کہ 10 اوور کا اسپیل ہے، پھر میں سمجھ سکتا ہوں کہ 2، 3 اوورز میں زیادہ رفتار نہیں لگارہے لیکن انہیں تھوڑی اسپیڈ بڑھانی ہوگی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاہین آفریدی نے 10 اوورز میں 63 رنز کے عوض 2 جبکہ حارث رؤف نے اپنے کوٹے کے 10 اوورز کے دوران 65 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی تھی۔