آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے ہونیوالی گفتگو منظر عام پر لے آئے۔
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق چیئرمین پی سی بی اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے انکشاف کیا کہ افغانستان کے خلاف شکست کے بعد پریزنٹیشن سے پہلے بابراعظم سے آف ائیر پوچھا تھا کہ42ویں اور 46ویں اوورز میں اسپنرز کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیوں کیا اور مشورہ دیا کہ ان اوورز میں حسن علی کی گیند ریورس کررہی تھی اس سے کیوں بولنگ نہیں کروائی؟۔
جس پر کپتان نے جواب دیا کہ وکٹ پر ٹرن موجود تھا اور گیند اسپن کررہی تھی اس لیے دونوں اسپنرز سے بولنگ کروائی۔،،
انہوں نے کہا کہ شکست کے بعد بابراعظم کی باڈی لینگویج “مایوس کُن” نظر آرہی تھی جس سے پوری ٹیم کے حوصلے اور کارکردگی پر اثر پڑرہا ہے اور منفی نتائج سامنے آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ 2023 میں مسلسل 3 شکستوں کے بعد قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی اور ہار کی صورت میں قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی تقریباً ختم ہوجائے گی جبکہ جیت امیدوں کو برقرار رکھے گی۔