افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کمر کی سرجری سے صحت یاب ہونے کے بعد قومی اسکواڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔راشد کو آخری بار نومبر میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران کھیلتے ہوئے دیکھا گیاتھا، جس کے بعد ان کی سرجری ہوئی تھی اور اس کے بعد سے وہ صحت یاب ہونے کی راہ پر گامزن ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) جیسے حالیہ بڑے ٹورنامنٹس سے محروم رہنے کے باوجود، راشد اب مکمل طور پر فٹ ہیں اور آئرلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ شامل ہونے کے لیے پرجوش ہیں۔
اپنے سفر کی عکاسی کرتے ہوئے، جیسا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پوسٹ کردہ ایک ویڈیو انٹرویو میں نقل کیا گیا ہے، راشد نے ان چیلنجوں کو تسلیم کیا جن کا سامنا انہیں اپنی بحالی کی مدت کے دوران کرنا پڑا۔ انہوں نے ذکر کیا کہ پچھلے تین ماہ سرجری اور اس کے بعد بحالی کے عمل کی وجہ سے خاصے سخت تھے۔
انٹرو کے دوران افغان اسپنر نے کہا کہ پچھلے تین مہینے خاصے مشکل تھے کیونکہ میری سرجری ہوئی تھی۔ میں پچھلے سات آٹھ ماہ سے کمر کی انجری کے باعث درد میں مبتلا تھا اور ڈاکٹروں نے ورلڈ کپ سے پہلے ہی مجھے سرجری کرنے کا کہا تھا لیکن میں نے ورلڈ کپ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد سرجری کروائی کیونکہ یہ ہمارے لیے بہت اہم ایونٹ تھا۔ راشد کا کہنا تھا کہ لیکن الحمدللہ میں میدان میں واپس آ گیا ہوں اور اب ٹھیک محسوس کر رہا ہوں اور اب میری توجہ میدان میں اپنی پرفارمنس دینے اور قوم کے لیے خوشی اور کامیابی لانے پر مرکوز ہے۔
راشد خان نے ایک بار پھر میدان میں واپس آنے پر اپنے ڈاکٹروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کے لیے بے چین ہیں۔ راشد نے میدان میں اپنی کارکردگی کے ذریعے افغانستان میں کامیابی اور خوشی لانے کے اپنے عزم پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سیریز میں ملک کی نمائندگی کرنے کا منصوبہ ہے اور ٹریننگ جاری ہے اور شکر ہے کہ اچھا وقت گزرا اور مجھے امید ہے کہ آنے والے کچھ دن بھی اچھے گزریں گے تاکہ میں دوبارہ قومی جرسی پہن سکوں اور اپنی اچھی کارکردگی جاری رکھ سکوں۔
افغانستان کی آئرلینڈ کے خلاف سیریز تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل ہے، پہلا میچ 15 مارچ کو شیڈول ہے، اس کے بعد بقیہ دو میچز 17 اور 18 مارچ کو ہوں گے اور یہ تمام میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔