راولپنڈی ٹیسٹ؛ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنالیے

 راولپنڈی: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو جیت کےلیے 370 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان 272 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی جب کہ قومی ٹیم دوسری اننگز میں 398 رنز پر آؤٹ ہوئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا، ایلگر 17 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے جس کے بعد مارکرم نے وین ڈار ڈاسن کے ساتھ ملکر جارحانہ کرکٹ کھیلی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ چوتھے دن کے اختتام پر جنوبی افریقا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنالیے ہیں۔ مارکرم 59 اور ڈاسن 48 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ اس دوران نعمان علی نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ نعمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 115 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 15 چوکے شامل تھے۔

قومی ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف اوپننگ کرنے والے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ 0، عابد علی 13، بابراعظم 8، اظہرعلی 33، فواد عالم 12، فہیم اشرف 29، یاسر شاہ 23، حسن علی 5 اور شاہین آفریدی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔  لیفٹ آرم اسپنر جارج لنڈے نے 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کیشو مہاراج نے 3 اور کگیسو رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کی۔