قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بابراعظم کے ساتھ ٹی20 فارمیٹ میں اپنی اوپننگ شراکت توڑے جانے پر لب کشائی کردی۔ وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے محض ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ تبدیلیاں کیں۔
کرک بز کو دیئے گئے انٹرویو میں محمد رضوان سے سوال کیا گیا کہ ٹی20 میں بابراعظم اور آپ کی اوپننگ جوڑی توڑنے سے کیا ٹیم کو کوئی فائدہ ہوا؟
جس پر وکٹ کیپربیٹر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت نہیں ہے! ٹیم مینجمنٹ نے محض ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ چیزیں تبدیل کیں تاکہ میگا ایونٹ سے قبل اچھا کمبینیشن بناسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے بہترین پلئینگ الیون بنانے کے خواہاں ہیں، اوپننگ میں دائیں اور بائیں ہاتھ کے بلےبازوں کے ساتھ امتزاج بنانے کی کوشش کررہے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی غلط فیصلہ ہے۔
رضوان نے کہا کہ میں مینجمنٹ کے فیصلے سے ناراض نہیں ہوں بلکہ ورلڈکپ ویسٹ انڈیز اور یو ایس میں شیڈول ہے جہاں بال اسپن ہوگی تو ہمیں مختلف قسم کے بیٹرز کی ضرورت ہوگی۔