ورلڈکپ میچز کے دوران ٹاس کے وقت سکے کودور پھینکنے پرنیا تنازع سامنے آگیا

بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاس کے وقت سکے کو دور پھینکنے پر نیا تنازع سامنے آگیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس) پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے کہ بھارتی کپتان روہت شرما ٹاس کے دوران سکے کو اتنا دور پھینک دیتے ہیں کہ حریف ٹیم کے کپتان کو معلوم نہیں ہوتا کہ ٹاس کون جیتا ہے جبکہ میچ ریفری بتاتا ہے کہ ٹاس بھارت جیت گیا ہے۔ 
ورلڈکپ 2023 کے اب تک ہونے والے میچز کے دوران بھارتی کپتان کے دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی ٹاس کے وقت سکے کو دور پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔ 
میگا ایونٹ کے دوران روہت شرما نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ جبکہ گروپ میچز کے دوران پاکستان، افغانستان انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف میچز میں ٹاس جیتا تھا۔ 
دوسری جانب گزشتہ روز ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں آئی سی سی کی اجازت کے بغیر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے میچ سے قبل پچ تبدیل کردی تھی۔ 
سیمی فائنل کیلئے پہلے سے مختص پچ استعمال نہیں کی گئی بلکہ یہ میچ اس 6 نمبر پچ پر ہوا جس پر پہلے ہی 2 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور یہ پچ بھارتی اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہونے کی توقع تھی۔