سابق ٹیسٹ آف اسپنر سعید اجمل نے محمد عباس کو صرف ٹیسٹ میچز تک محدود رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عباس اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کا کامیاب ترین بولر ہے جو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
سعید اجمل نے کہا یو اے ای کی کنڈیشنز میں ان ہی بولرز کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں کھلانا چاہیے جو پہلے سے ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔ عباس اگر ٹیسٹ میں اچھی پرفارمنس دے رہا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اسے دوسرے فارمیٹس میں بھی شامل کیا جائے۔ اس بات کے حق میں ضرور ہوں کہ عباس کو انگلش کنڈیشنز میں اگر ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے تو وہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ ابھی اسے ان کنڈیشنز میں صرف ٹیسٹ ہی کھلائیں، ون ڈے میں شامل کرنا سود مند نہیں ہوگا۔
سابق ٹیسٹ آف اسپنر نے کہا عباس کی جگہ اگر رومان رئیس فٹ ہوتا ہے تو انہیں ون ڈے میچز میں کھلانا بہتر رہے گا۔ سعید اجمل نے بلال آصف کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کو ایک اچھے آف اسپنر کی اشد ضرورت ہے۔ بلال کو ٹیسٹ کے لئے منتخب کرتے وقت اس کی مخالفت کی گئی کیوں کہ اس نے ڈومیسٹک میں زیادہ وکٹیں نہیں لیں تھیں اور دوسرے آپشنز موجود تھے، لیکن اب اس نے خود کو منوالیا ہے تو اس کو سپورٹ کرنا چاہئے۔ بلال آصف رپورٹ ہوا تو یہ پاکستان کے خلاف سیاست ہوگی۔
سعید اجمل نے کہا یاسر شاہ اور شاداب خان جیسے لیگ اسپنرز ہمارے پاس پہلے سے موجود ہیں۔ ان کے ساتھ آف اسپنر کا کمبی نیشن بننے سے بولنگ مضبوط ہوگی۔ ٹیسٹ میچز ہمیشہ بولرز ہی کرواتے ہیں۔ اس وقت قومی ٹیم کا بولنگ کمبی نیشن سب سے اچھا ہے۔ دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے اچھی بولنگ کی تاہم پاکستان نے سست بیٹنگ کی، انہیں تیز کھیلنا چاہیےتھا۔ یاسر شاہ اچھا بولر ہے لیکن دبئی ٹیسٹ میں اچھی بولنگ نہیں کی۔