پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے سینٹ لوسیا پہنچ کر قرنطینہ کرلیا،ان کا کہنا ہے کہ دوران سفر لوگوں سے فاصلہ برقرار رکھا، ہاتھ اچھی طرح دھوئے ہیں، میں نے منہ، آنکھوں اور ناک کو چھونے سے بھی گریز کیا،دوسرے ویسٹ انڈین کرکٹر چیڈوک والٹن نے بھی خود کو 14روز کیلیے تنہا کرلیا، ان کا کہنا ہے کہ گھر واپسی ہمیشہ ہی بڑی خوشی اور اطمینان کی بات ہوتی ہے، اس بار ملے جلے جذبات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل 5 کے سیمی فائنلز اور فائنل کو ملتوی کر دیا گیا تھا،گذشتہ روز وطن واپس پہنچنے والے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے قرنطینہ کرتے ہوئے خود کو 14 روز تک عزیز و اقارب سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، سینٹ لوشیا پہنچنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ میں نے دوران سفر لوگوں سے فاصلہ برقرار رکھا، ہاتھ اچھی طرح دھوئے، منہ، آنکھوں اور ناک کو چھونے سے بھی گریز کیا،انھوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان سے روانہ ہونے سے ایک روز قبل ہونے والے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا، اس کے باوجود میں عزیز و اقارب سے میل جول کیلیے 14 دن انتظار کروں گا۔
دوسری جانب پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے چیڈوک والٹن بھی جمیکا واپس پہنچ گئے،اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ گھر واپسی ہمیشہ ہی بڑی خوشی اور اطمینان کی بات ہوتی ہے لیکن اس بار ملے جلے جذبات ہیں، میں 14 روز تک از خود قرنطینہ میں رہوں گا، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سخت سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے عام لوگوں سے زیادہ میل جول کا موقع نہیں ملا، کم رابطے کی وجہ سے وائرس کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے،بہرحال خیر و عافیت سے وطن واپسی ہوگئی، یاد رہے کہ پی ایس ایل میں چند کرکٹرز کے لیگ مرحلے میں ہی دستبردار ہونے کے باوجود چیڈ وکٹ والٹن کی خدمات کراچی کنگز کو حاصل رہیں،پی سی بی کی جانب سے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کرنے کے فیصلے پر تمام غیر ملکی کرکٹرز کی واپسی ہوگئی تھی۔