سرفراز خان کے والد بیٹے کو ٹیسٹ کیپ ملنے پر آبدیدہ، ویڈیو وائرل  

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کیلئے ڈیبیو کرنے والے سرفراز خان کو طویل جدوجہد کے بعد ٹیسٹ کیپ مل گئی۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفرازخان کو بھارت کی ٹیسٹ کیپ دی گئی تو ان کے والد اور اہلیہ اسٹیڈیم میں موجود تھے جو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
 
لیجنڈری اسپنر انیل کمبلے نے سرفراز خان کو ٹیسٹ کیپ دی، جس کے بعد کرکٹر اپنے والد کے پاس گئے اور انہیں گلے لگایا جس پر ان کے والد اور اہلیہ آبدیدہ ہوگئے، (والد) نوشاد نے اپنے بیٹے کی کیپ کو چوما اور انہیں گلے لگالیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔  
نوجوان کرکٹر کو انجری کا شکار ہونے والے وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہول کی جگہ سیریز میں موقع دیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ سرفراز خان نے 45 فرسٹ ٹیسٹ میچز کی 66 اننگز میں 69.85 کی اوسط سے 3ہزار 912 رنز بنارکھے ہیں۔