قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پی سی بی کے نئے چیئرمین سے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے گزشتہ دو سالوں میں قومی ٹیم کے سابق پیسر محمد عامر کی مسلسل کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ جہاں بھی کھیلے، ان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا بھی اعلان کر دیا، جہاں زیر تعلیم طلبا اور طالبات کو بلا معاوضہ تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگیا ہے، طالب علموں کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی فیسوں اور دیگر تعلیمی اخراجات کے سبب بعض اوقات تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے کسی کو بھی تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں طلبا کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔