پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی بلے باز سعود شکیل نے اپنی ساتویں نصف سنچری بنائی۔ اس کارنامے نے سعود شکیل کو ٹیسٹ کی تاریخ کا پہلا بلے باز بنا دیا ہے جس نے پہلے سات ٹیسٹ میچوں میں سے ہر ایک میں پچاس رنز بنائے ہیں۔
سعودشکیل نے سنیل گواسکر، باسل بچر، سعید احمد، اور برٹ سٹکلف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے اپنے پہلے چھ ٹیسٹ میچوں میں سے ہر ایک میں پچاس یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔
وہ اس وقت کریز پر آئے جب پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 210-3 پر کھڑا تھا، سری لنکا کے پہلی اننگز کے اسکور 166 کے جواب میں وہ 57 رنز بنا کر روانہ ہوئے، تاہم عبداللہ شفیق کے ساتھ ان کی شراکت نے پاکستان کو اپنی پہلی اننگز کی برتری کو 150 تک بڑھانے میں مدد دی۔
اس سے قبل گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی 27 سالہ کھلاڑی نے سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری بنائی تھی اور انہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن کر تاریخ رقم کی تھی۔
ان کی 208 ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز نے سری لنکا میں کسی پاکستانی بلے باز کے پچھلے سب سے زیادہ انفرادی ٹیسٹ اسکور 196کو پیچھے چھوڑ دیا، جو محمد حفیظ کے پاس تھا۔
سعود شکیل ظہیر عباس کے بعد، سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں، نام ور پاکستانی بلے باز ظہیر عباس نے یہ کارنامہ 1971 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے سرانجام دیا تھا۔ سعود شکیل کی یہ کامیابی ان کی کامیابیوں کی بڑھتی ہوئی فہرست میں اہم اضافہ ہے۔