ایشیاء کپ کے لئے سعود شکیل گرین شرٹس کے اسکواڈ میں شامل ​​​​​​​

ایشیاء کپ کےلیے قومی ٹیم کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں اور گرین شرٹس کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو اہم مقابلوں کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ سعود شکیل کو طیب طاہر کی جگہ گرین شرٹس کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ طیب طاہر بطور ٹریولنگ ریزرو ایشیا کپ کے لیے بنائے گئے قومی اسکواڈ کے ساتھ رہیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق سعود شکیل کو منتخب کرتے وقت جن چیزوں کو مدِ نظر رکھا گیا ان کی اسپن بولرز کو بہتر انداز میں کھیلنے کی صلاحیت، سری لنکن کنڈیشنز میں حالیہ پرفارمنسز اور ان کا لیفٹ ہینڈ بیٹر ہونا شامل ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی انتظامیہ سمجھتی ہے کہ سعود شکیل مارڈرن ڈے کرکٹ کے اصولوں پر پورے اترتے ہیں۔ 
خیال رہے کہ سعود شکیل کو اس سے قبل صرف افغانستان کے ساتھ تین ون ڈے کی سیریز کےلیے ٹیم میں رکھا گیا تھا۔ 
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو ملتان میں ہوگا، ایشیاء کپ کے چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دیگر مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔۔