پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اکتوبر 2024ء میں شیڈول پاکستان مینز ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کے خلاف میچ کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس دورے میں تین ٹیسٹ میچ شامل ہوں گے، جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023ء کا حصہ ہیں۔ سیریز کا آغاز 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا۔ جس کے بعد دونوں ٹیمیں 15 سے 19 اکتوبر تک دوسرے ٹیسٹ کے لیے کراچی روانہ ہوں گی۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
یہ دورہ دوسرا موقع ہے جب انگلینڈ کی ٹیم دو سال کے اندر پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ دسمبر 2022ء میں اپنے آخری دورے میں انگلینڈ نے کچھ سنسنی خیز کرکٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں 3-0 سے تاریخی فتح حاصل کی۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ گولڈ نے آنے والی سیریز کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اکتوبر میں مردوں کے اس تین میچوں کے ٹیسٹ ٹور کے لیے پاکستان واپس آنے پر واقعی پرجوش ہیں۔ ہمارے آخری مینز ٹیسٹ ٹور پاکستان میں کچھ یادگار میچز ہوئے اور مجھے یقین ہے کہ شائقین اس آنے والی سیریز میں مزید دلچسپ کرکٹ کے منتظر ہوں گے۔"