پاکستان کے سلیکٹرز آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے تشکیل دیئے گئے قومی اسکواڈ اور ٹیم کے ڈھانچے پر غور و خوض کر رہے ہیں، جس میں اہم کھلاڑیوں اور اوپننگ جوڑی کے کردار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
جمعرات کےروز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلیکٹر وہاب ریاض نے مضبوط اوپننگ جوڑی کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔ سلیکٹرزنےقومی ٹیم کے نئے کوچ گیری کرسٹن کے بارے میں بھی اپنا موقف پیش کیا جو اس وقت آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے مینٹور کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ "جب آپ ٹیم بناتے ہیں، تو آپ اپنے کلیدی کھلاڑیوں یا ان لوگوں کی شناخت کرتے ہیں جن پر ٹیم بھروسہ کر سکتی ہے، اور اس وقت، وہ بلاشبہ بابراعظم اور محمد رضوان ہیں۔،،
وہاب ریاض نے مزید کہا کہ صائم ایوب زیادہ اٹیکنگ پلیئر ہیں مگر ان کو فارم میں آنے کے لیے ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے۔
وہاب ریہاض کا کہنا تھا کہ "درمیانی اوورز میں جہاں ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہمیں ایک ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے جو ٹیم کی قیادت کرسکے اور اسکور کو مستحکم کرسکے۔ اس لیے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹیم کے بہترین مفاد میں کام کر رہے ہیں اور جو کچھ بھی بہتر ہو گا وہ کریں گے۔،،
پلیئنگ الیون کے انتخاب کے حوالے سے وہاب نے واضح کیا کہ یہ بنیادی طور پر کوچ اور کپتان کی ذمہ داری ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پلیئنگ الیون کو کوچ اور کپتان کے مشورے سے سامنے آنا ہوتا ہے۔ اگر وہ ہمارا مشورہ چاہتے ہیں تو ہم یقینی طور پر اپنا ان پٹ فراہم کریں گے لیکن پلیئنگ الیون کا انتخاب ہمارے دائرہ کار میں نہیں ہے۔‘‘
مزید برآں، سلیکٹر محمد یوسف نے بتایا کہ گیری کرسٹن، جنہیں پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ محمدیوسف نے کہا کہ "گیری کرسٹن انگلینڈ سیریز میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ اظہر محمود آئرلینڈ سیریز کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ اظہر باقاعدگی سے گیری کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے۔،،
یوسف نے مزید کہا کہ ہم بہت ٹیم کے جلد نائب کپتان کا بھی اعلان کریں گے۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پاکستان کی سلیکشن کمیٹی نے جمعرات کےروز آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف 22 مئی کو لیڈز میں ہونے والے پہلے 20 میچ کے بعد اگلے ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اسکواڈ کو18 سے کم کرکے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل کیا جائے گا۔