پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے دنیائے کرکٹ کو پیغام پہنچایا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پاکستان بھی ورلڈکپ کھیلنے کے لئے بھارت نہیں جاسکتا۔
بھارتی میڈیا پر دو ٹوک موقف دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیاکپ کے لئے بھارت کو پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش سمیت ہائبرڈ ماڈل بھی پیش کیا لیکن بی سی سی آئی بضد ہے کہ ہم نہیں مان رہے، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کرلیا ہے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیاکپ کے لئے جو ہائبرڈ ماڈل ہوگا وہی ورلڈکپ کے لئے بھی ہوگا کیونکہ ہماری حکومت ہمیں بھارت میں جاکر کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی، جس طرح بھارتی ٹیم کو پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں، اسی طرح پاکستانی ٹیم کو بھی انڈیا میں سیکورٹی مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایشیاکپ کیلئے بھارت ہائبرڈ ماڈل پر مان جاتا ہے تو ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز بنگلہ دیش یا جہاں بی سی سی آئی اور آئی سی سی مناسب سمجھتے ہیں وہاں کھیلنے کو تیار ہوجائے گا لیکن بھارت میں کھیلنا پاکستانی ٹیم کے لیے مشکل ہے۔
دوسری جانب نجم سیٹھی کے بیان پر بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی چراغ پَا ہوگیا ہے اور رپورٹس چلائی جارہی ہیں کہ آئی سی سی گرین شرٹس کے ورلڈکپ بھارت میں نہ کھیلنے کا موقف اپنانے پر پابندی بھی عائد کرسکتی ہے۔