پاک نیوزی لینڈ سیریز: چوتھا ون ڈے آج ہوگا، ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان

گرین شرٹس کو نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ون ڈے میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 پر شروع ہوگا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کئی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں، عبداللہ شفیق کی جگہ افتخار احمد اور محمد نواز کی جگہ اسامہ میر کو شامل کیا جاسکتا ہے، اوپنر فخر زمان کمر درد کا شکار ہیں ان کی جگہ شان مسعود کو موقع دیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح فاسٹ بولنگ کے شعبے میں حارث رؤف کو نسیم شاہ کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

اگر قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کیویز کو 5 میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرتی ہے تو آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوجائے گی تاہم اگر کامیابی کا تناسب 1-4 رہا تو پاکستان تیسری پوزیشن پر آسکتا ہے۔

پاکستان آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ میں اس وقت پانچویں پوزیشن پر قابض ہے جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔