قومی ٹیم کے نائب کپتان آل رائونڈر شاداب خان نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ٹخنے پر چوٹ لگنے کے بعد سے ایکشن سے باہر ہیں، جس کے باعث آئندہ پاک نیوزی لینڈ سیریز کے لیے ان کی دستیابی شکوک و شبہات کا شکار ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جلد متوقع ہے اور قیاس کیا جارہا ہے کہ نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 12 جنوری سے ہونا ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز کے لیے بابراعظم اور محمدرضوان کو آرام دینے کی تجویز ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے مسترد کردی ہے۔ جبکہ 25 سالہ آل راؤنڈر شاداب خان کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاداب خان قومی ٹی 20 کپ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
ٹی 20 کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 25 دسمبر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جنوری، تیسرا 17 جنوری، چوتھا 19 جنوری جبکہ آخری میچ 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے۔