شاداب خان نے کپتان بابراعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم اگر دوستی یار میں کھلاڑیوں کو ٹیم شامل کرتا تو وہ سب سے پہلے اپنے بھائیوں کو لے کر آتا، ویرات کوہلی نے تمام ریکارڈز حاصل کرلئے ،لیکن بابر اعظم اب بھارتی کھلاڑی کے ریکارڈز حاصل کرنے جارہا ہے،اُسامہ میر، عثمان قادر سمیت کوئی بھی کھلاڑی میری جگہ لے لے گا اس کا خوف کبھی دل میں نہیں رہا۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ آل راونڈر ہونے کے ناتے بیٹنگ اور بولنگ دونوں پر فوکس رکھنا پڑتا ہے، آج کل کی کرکٹ تیز ہے اس کی وجہ سے تینوں چیزوں پر آل راونڈر کو محنت کرنی پڑتی ہے، میں مکمل طور پر فٹ ہوں، کوئی انجری نہیں ہے، کاونٹی میں مکمل فٹ تھا اسی وجہ سے کھیل رہا تھا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ جب کسی سینئر کھلاڑی کو آرام دینا چاہتی ہے تو وہ ہمارے لیے بہتر ہی سوچتی ہے، کاؤنٹی کرکٹ میں صرف اسی لئے شرکت کی کہ جب پاکستان کی طرف سے کھیلوں تو اپنی مکمل فارم میں ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ جسم تھک نہ جائے، جب بھی کھیلا ہوں تو اسی جذبے سے کھیلا ہوں جیسے چیمپئنز ٹرافی میں کھیلا تھا، جو مجھے آتا ہے اس کا سو فیصد پاکستان کے لئے دینے کی کوشش کروں گا۔ جب سے ٹیم میں آیا ہوں تب سے کوئی اسپنر کوچ نہیں ملا، ثقلین مشتاق کی کوچنگ سے اسپنرز کو بہت فائدہ ہوا۔ فاسٹ بولر کوچ اسپنرز کو اس طرح نہیں بتا سکتا جس طرح ایک سابق اسپنر بتاسکتا ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ مکی آرتھر کے ساتھ کافی وقت سے کام کررہا ہوں، گورے کوچ مختلف اپروچ کے ساتھ کام کرتے ہیں، بیٹنگ کا مجھے شروع سے شوق تھا اسلام آباد یونائیٹڈ میں کپتانی کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور اوپر کے نمبروں پر آیا، جس بولر سے پوچھیں گے اس کو بیٹنگ کا زیادہ شوق ہوتا ہے، یہ پاکستان کی ٹیم ہے سوشل میڈیا کے دور میں کوئی چیز نہیں چھپ سکتی، میری پرفارمنس سے اگر مجھے باہر بٹھانا ہے تو بٹھادیا جائے۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ اسامہ میر نے پرفارمنس دی ہے اس سے پاکستان کو فائدہ ہورہا ہے، اگر مجھے باہر بٹھانے کے لئے اسامہ کو کھلانا ہے تو مجھے بٹھا دیں یہ نہ ہو کہ اسامہ اس میچ میں پرفارم نہ کرے تو اس کو باہر کردیں یہ اس کے ساتھ زیادتی ہوگی، اسامہ میر ،عثمان قادر کے ساتھ اچھا مقابلہ ہے اس سے پاکستان کو فائدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو اکثر انجرڈ رہتا ہوں ری ہیب کے دوران بھی کبھی نہیں سوچتا کہ یہ میری جگہ لے گا، میری نیت ہمیشہ سب کے لئے صاف ہے، میں شاید واحد پلیئر ہوں جو کسی اچھی پرفارمنس دینے والے اسپنر کو خود چانس دلوائے گا، افغانستان کے خلاف سیریز ہارے اس کا دکھ ہوا،مجھے ہدایت ملی تھی کہ بینچ اسٹرینتھ کو چانس دیا جائے، بنا بنایا کھلاڑی نہیں ملتا ان کو بنانا پڑتا ہے۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے لئے پریس کانفرنس میں جو بولا اس کو غلط رنگ دیا گیا، اعظم خان کے بارے میں دکھ ہوا کہ لوگ اس پر تنقید کرنا شروع ہوگئے، اعظم خان کا وزن ایک ہفتے میں کم نہیں ہوسکتا لیکن وہ بہت ٹیلنٹڈ کرکٹر ہے، جو بھی ورلڈ کپ کا اسکواڈ بنے گا اسے بس یہی کہو ں گا کہ ان کو سپورٹ کریں، کپتان پوری ٹیم کا سوچتا ہے جبکہ کھلاڑی اپنا سوچتا ہے، ہمیں دوسروں کی باتیں نہیں سننی چاہئیں۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہماری ٹیم کے لئے بہت اچھا ہے ،اب پتا لگا کہ آپ جتنے بڑے کھلاڑی ہوں گے اتنی زیادہ آپ پر تنقید ہوگی، ویرات کوہلی نے تمام ریکارڈز حاصل کرلئے ،لیکن بابر اعظم اب ویرات کوہلی کے ریکارڈز حاصل کرنے جارہا ہے، بابر اعظم آج کی تاریخ میں ویرات کوہلی سے بڑا کھلاڑی بن چکا ہے۔