پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاداب خان نے وائٹلی بلاسٹ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف چوبیس گیندوں پر دھواں دھارنصف سنچری اسکور کی۔
لارڈز کے تاریخی میدان پر سسکسز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاداب خان نے 30 گیندوں پر 59 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
سسیکس کو اس وقت مشکل میں دیکھا گیا جب 8ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر اس نے صرف 55 رنزبنائے تھے۔ یہ اس وقت ایک طرح کا نازک موڑ تھا جب پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان اپنے کپتان روی بوپارا کا ساتھ دینے کے لیے کریز پر آئے۔
دونوں نے غیر معمولی بلے بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو نازک صورتحال سے بچاتے ہوئے ایک اہم شراکت داری قائم کی۔ انہوں نے شاندار چوکے چھکے جوڑ کر صرف 47 گیندوں پر اسکور بورڈ میں 91 رنز کا اضافہ کیا۔ اس شراکت داری میں شاداب کی اننگز خاص طور پر قابل ذکر تھی، کیونکہ انہوں نے جارحانہ اور اثر انگیز اننگز کھیلی اور صرف 24 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی۔
شاداب نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے قریباً 200 کا اسٹرائیک ریٹ برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستانی آل راؤنڈر نے میدان کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلے اور حریف بولرز کی جم کر پٹائی کی۔
یہ شاداب خان کی 250 ویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں آٹھویں نصف سنچری تھی۔ میچ میں شاداب نے اپنی زبردست پاورہٹنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔