قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پیسر محمد عامر سے بولنگ سیکھنے کا مشورہ ملنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پہلے ایلیمینیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر پہلے اوور میں انھوں نے صرف 2 رنز دیے اور اپنی لینتھ بالز سے حریف ٹیم کے اوپنننگ بیٹرز کو خوب پریشان کیا۔
کمنٹری باکس میں موجود رمیز راجہ بھی ان کی بولنگ کو سراہے بغیر نہ رہ سکے، انھوں نے کہا کہ عامر نے بہت ہی اچھی بولنگ کی، انھوں نے لینتھ کا پہلے تعین کیا اور پھر مقررہ جگہ پر ہی گیندیں کرائیں، اس طرح بیٹرز کوڈبل مائنڈ کردیا۔
رمیز راجہ کے ساتھ کمنٹری باکس میں موجود قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کو عامر سے سیکھنے کا مشورہ دیا، انھوں نے کہا کہ جب گیند سوئنگ نہ ہورہی ہو تو لینتھ بالز سے ایسے بیٹرز کو پریشان کیا جاسکتا ہے، مجھے امید ہے کہ شاہین، عامر کی بولنگ دیکھ رہے ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ انھیں بھی اس طرح کی بولنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی زیر قیادت لاہور قلندرز اس بار پی ایس ایل کے پلے آف میں بھی جگہ نہیں بناسکی، جبکہ بولر کی حیثیت سے کپتان شاہین نے 9 میچز میں 14 وکٹیں لیں۔
دوسری جانب ایلیمینیٹر میں 20 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے محمد عامر اب تک 9 میچزمیں 10 شکار کرچکے ہیں۔