گرین شرٹس کے پیسر شاہین آفریدی نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو چند شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، ہمارے لیے ورلڈ کپ سے پہلے ضروری ہے کہ ان مقابلوں کو خود کو تیار کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے حال ہی میں ختم ہونے والی آئرلینڈ کے ساتھ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کی اہمیت کو اجاگر کیا جو کہ آئندہ ماہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آنے والے سنسنی خیزٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے تیاریوں کا ایک حصہ ہے۔
سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے اس ٹورنامنٹ سے پہلے پاکستان کے گیم پلان کو ٹھیک کرنے میں ان میچوں کی اہمیت پر زور دیا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ "ہمارے لیے ورلڈ کپ سے پہلے یہ ضروری ہے کہ ان گیمز کئ ذریعے سے خود کو تیار کیا جائے اور ہمیں یہ ماننا پڑے گا کہ ٹیم کو اب بھی کچھ شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔"
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کی بھی تعریف کی اور خاص طور پر بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے 139 رنز کی میچ وننگ پارٹنرشپ بنانے میں ان کے اہم کردار پر زور دیا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ "وہ دونوں عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں، وہ اچھی طرح جانتے اور سمجھتے ہیں کہ کس طرح اپنا کردارادا کرنا ہے اور انہوں نے اس پچ پر واقعی ایک شاندار کام کیا ہے۔"
غور طلب امر ہے کہ مین ان گرین نے آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی20انٹرنیشنل سیریز میں 2-1 سے فتح حاصل کی۔ یہ فتح اہم ہے کیونکہ یہ دسمبر 2021ء کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی دو طرفہ ٹی20 سیریز سیریز جیتنے کا یادگار دن بن گئی ہے اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین سال پہلے باہمی سیریز میں شکست دی تھی۔
ورلڈ کپ 2024ء سے پہلے گرین شرٹس کی اگلی مہم انگلینڈ کے خلاف ہے جہاں وہ 22 مئی سے شروع ہونے والی چار میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلیں گے، اسی دوران پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ 2024 کے لیے پلیئنگ اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔۔