قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی رواں برس برطانوی لیگ دی ہنڈریڈ کے ایڈیشن کا حصہ نہیں ہوں گے۔ برطانوی اخبار نے بڑا دعویٰ کردیا۔ ویلش فائر نے فاسٹ بولر کو 100,000 یورو کی کیٹیگری میں برقرار رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے اپنی خبر میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دو سیزن میں ویلش فائر کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو ایک لاکھ یورو (یعنی 3 کروڑ 1 لاکھ پاکستانی روپے سے زائدرقم) والی کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے تاہم کرکٹر گلوبل ٹی20 کینیڈا کیساتھ ممکنہ معاہدہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔
دی ہنڈریڈ اور گلوبل ٹی20 لیگ کینیڈا کا شیڈول ایک دوسرے سے متصادم ہے جس کے باعث انکی دی ہنڈریڈ لیگ میں شرکت مشکوک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیگ میں شرکت کے حوالے سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ وہ باضابطہ طور پر گلوبل ٹی20 لیگ کا حصہ بننے جارہے ہیں یا نہیں!۔
دوسری جانب دی ہنڈریڈ لیگ کی معروف فرنچائز ویلش فائر جلد ہی متبادل بولر کا اعلان کرے گا۔
برطانیہ میں ہونے والا یہ سنسنی خیز ٹورنامنٹ رواں برس 23 جولائی سے 18 اگست تک شیڈول ہے۔