'دی ہنڈریڈ' 2024: شاہین آفریدی کو نہ کھیلنے پربھی لاکھوں روپےملیں گے

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو دی ہنڈرڈ لیگ میں کھیلنے سے انکار کے باوجود لاکھوں روپے ملیں گے، دی ہنڈریڈ کے بجائے شاہد آفریدی نے کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹیم پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو دی ہنڈرڈ لیگ میں نہ کھیلنے کے باوجود لاکھوں روپے ملیں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شاہین آفریدی کو دی ہنڈرڈ لیگ کی انتظامیہ 17 لاکھ 61 ہزار سے زائد روپے ادا کرے گی، انہوں نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کی خاطر دی ہنڈرڈ لیگ میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ تاہم شاہین آفریدی کو 5 ہزار پاؤنڈ امیج رائٹس کی مد میں ملیں گے جو پاکستانی روپوں میں سترہ لاکھ سے زائد بنتے ہیں، ٹورنامنٹ میں سائن کرنے والے کھلاڑیوں کو امیج رائٹس کے بدلے ان کے کنٹریکٹ کا 5 فیصد حصہ ملتا ہے۔ 
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دی ہنڈرڈ لیگ میں ویلش فائر نے شاہین آفریدی کو ایک لاکھ پاؤنڈ میں برقرار رکھا تھا، تاہم دی ہنڈریڈ کے بجائے شاہد آفریدی نے کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے جبکہ ویلش فائر نے میٹ ہینری کو شاہین کے متبادل کےطور پر شامل کر لیا تھا، تاہم نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر میٹ ہینری کو شاہین آفریدی کے جانے کے بعد امیج رائٹس کے پیسے نہیں ملیں گے۔
دوسری جانب دی ہنڈریڈ کے بجائے، شاہین آفریدی چھ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ 25 جولائی سے 11 اگست تک شیڈول گلوبل 20 کینیڈا لیگ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔