ایشیاءکپ: ’ابھی تک میں نےاپنی بہترین بولنگ نہیں کی‘ شاہین نے خبردارکردیا

’ابھی تک میں نے اپنی بہترین بولنگ نہیں کی‘ بھارت کے خلاف میچ سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے وارننگ جاری کردی۔
ایک تازہ ترین انٹرویو میں قومی ٹیم کے پیسرشاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بھارت کیخلاف ہر میچ اسپیشل ہوتا ہے، جب میں انڈر 16کرکٹ کھیلتا تو روایتی حریفوں کے مقابلے کا شدت سے منتظر ہوتا تھا۔ 
ایشیاء کپ کے گروپ میچ میں بھارت کیخلاف بولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ میرا بہترین اسپیل نہیں تھا، ابھی تو آغاز ہے،آگے بہت کچھ کرکے دکھانا ہے۔ 
انھوں نے کہا کہ کم عمری میں ہی تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے نئی گیند سے بولنگ کرتا ہوں تو پرستاروں کی توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں،پاکستان ٹیم کی اچھی بات ہے کہ ہر کسی کو اپنے رول کا اندازہ ہے،بولرز جانتے ہیں کہ نئی یا پرانی گیند کا کس طرح فائدہ اٹھانا ہے۔
پیسر نے کہا کہ میری اور نسیم شاہ کی کوشش ہوتی ہے کہ جلد سے جلد وکٹیں اڑائیں،حارث رؤف کی اسپیڈ ہم دونوں سے زیادہ ہے، وہ درمیانی اور آخری اوورز میں اٹیک کرتے ہیں،ہمارا آپس کا تال میل بھی اچھا ہے، ایک دوسرے سے بات چیت اور رہنمائی بھی کرتے رہتے ہیں،اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے۔ 
یاد رہے کہ ایشیاء کپ میں تینوں پاکستانی پیسرز کارکردگی میں سرفہرست ہیں،شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا میں ہونے والے ٹیسٹ سیریز میں ہی انجرڈ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوگئے تھے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کم بیک کیا تو پھر فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے، پی ایس ایل میں واپسی کے بعد مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور بتدریج بھرپور ردھم میں آچکے ہیں۔