ایمرجنگ ایشیاکپ میں پاکستان شاہینزکی کامیابی،ہوٹل میں جشن کی ویڈیووائرل

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیاء کپ کے فائنل مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 129 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان اے کرکٹ ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے شاندار استقبال کیا۔
کامیابی کا جشن منانے کے لیے سب کھلاڑیوں نے مل کر کیک کاٹا جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کیک کاٹتے ہوئے پاکستان شاہینز کے سنچری بنانے والے بیٹر طیب طاہر کو آگے بُلالیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بالرز کی درگت بنائی اور 8 وکٹوں کے نقصان پر بھارت کے لیے 353 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کردیا۔
پاکستان شاہینز کے بنائے گئے 353 رنز کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 
بھارت کے خلاف فائنل جیتنے کے بعد پاکستان شاہینز ہوٹل پہنچے تو وہاں موجود قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ 
پی سی بی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی جانے والی ویڈیو مں دیکھا جاسکتا ہے کہ سینئر و جونیئر پلیئرز نے تالیاں بجاکرپُرجوش اندازمیں گرین شرٹس کا استقبال کیا۔ بابراعظم، شاہین آفریدی، حسن علی اور دیگر سینئرز نے پاکستان اے کے کھلاڑیوں کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ 

کرکٹرز نے کیک کاٹ کرخوشی دوبالا کی۔ بابراعظم نے اس دوران بھارت کے خلاف سنچری اسکورکرنے والے طیب طاہر کو آگے بُلایا اور ان کی زبردست اننگز کی تعریف کی۔ 
پاکستانی ٹیم کے مداحوں نے بھی ہوٹل کی لابی میں کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ اسکواڈ سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے وہاں موجود ہے۔ دوسرے ٹیسٹ کا آغاز آج ہوچکا ہے جس میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریزمیں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔