قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فاسٹ بولرمحمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر آج بھی پاکستانی ٹیم کی لائن اپ میں آسانی سے جگہ بنا سکتا ہے، وہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی جیسے باکمال بولرز کے زمرے میں آتا ہے۔
شاہد آفریدی کا ماننا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق پیسر محمد عامر چار سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کے باوجود پاکستان ٹیم میں واپسی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے عامر کا موازنہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی جیسے پاکستانی فاسٹ بولرز سے کیا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ "عامر آج بھی پاکستانی ٹیم کی لائن اپ میں آسانی سے جگہ بناسکتا ہے، اس کی صلاحیتیں پاکستان کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ وہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی جیسے وکٹیں اڑانے والے نام ور بولرز کے زمرے میں آتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ عامر میں ابھی کرکٹ باقی ہے اور اسے پاکستان کے لیے کھیلنا چاہیے۔"
شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیم میں محمدعامر کی شمولیت کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ عامر کو انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کی نمائندگی ضرور کرنی چاہیے، اس میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے۔
اس سے قبل سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی شاہین شاہ آفریدی کو مشورہ دیا کہ وہ نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے محمد عامر کی کارکردگی کا مشاہدہ کریں۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ "مجھے امید ہے شاہین آفریدی اسے دیکھ رہے ہوں گے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اسے اکثر ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ ابتدائی طور پر اگر گیند سوئنگ نہیں کر رہی ہے تو صرف لینتھ پر بال کرو"۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے پہلے ایلیمنیٹر میں محمد عامر نے چار اوورز میں 20 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی تھیں، اور بہترین اعداد و شمار کے ساتھ یونائیٹڈ کو 20 اوورز میں 174 رنز تک محدود کیے تکھا تاہم گلیڈی ایٹرز ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور پی ایس ایل 9 میں ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔