پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو جلد پی سی بی میں اہم عہدہ ملنے کا عندیہ دیتے ہوئے ساتھ مل کر چلنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کرکٹ بورڈ خوش اسلوبی سے چل رہا ہے اور ہم منفی باتوں پر توجہ نہیں دیتے، کچھ لوگوں کی جانب سے کچھ باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی لڑائی نہیں بس باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا ہے، حقیقت میں اندرونی کہانی کوئی نہیں ہے، پاکستان اور کرکٹ کے دشمن ایسی منفی خبریں پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کے ساتھ مل کر چلیں گے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اُن کے جذبے کو عزت دیتا ہوں۔،،
اُن کا کہنا تھا کہ فخر زمان کو دس لاکھ روپے انعام اُن کی پرفارمنس کی بنیاد پر دیا گیا، باقی ممالک میں کھلاڑیوں کو اچھی پرفارمنس پر زیادہ پیسے دیے جاتے ہیں مگر پھر وہ کھلاڑی کوئی بھی لیگ کھیلنے نہیں جاتے۔،،
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ کچھ چیزیں بڑھا چڑھا کر پیش کی جارہی ہیں، میچ میں ایک ٹیم نے ہارنا ایک نے جیتنا ہوتا ہے، انڈیا کے شائقین بھی گیم انجوائے کرتے ہیں ہمیں بھی خیال کرنا چاہیے، انڈیا کے شہر احمد آباد میں پاکستان کا اتنا بڑا جھنڈا تھا میں نے پہلے کہیں نہیں دیکھا، انڈیا میں پاکستان کا اچھا ویلکم ہوا۔
اس سے قبل پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ شاہد آفریدی ملک کے لیے پاور ہٹرز سمیت نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے، انھوں نے مختلف مقامات میں ٹرائلز و کیمپس کے ذریعے باصلاحیت کرکٹرز دریافت کرنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی کی لاہور میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انھوں نے جونیئر لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش میں دلچسپی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے بورڈ کو خصوصی پریذینٹیشن دے کر اپنے منصوبے سے آگاہ کریں گے۔
شاہد آفریدی کا کام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا، وہ اپنے ساتھ کوچز، ٹرینرز و دیگر اسٹاف کو ساتھ لے کر آئیں گے، سب کا انتخاب خود ہی کریں گے، ملک بھر میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا،باصلاحیت کرکٹرز کو اکیڈمی میں پاور ہٹنگ سمیت جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا،مختلف اوقات میں کیمپس بھی لگیں گے، اس کے بعد بھی کھلاڑیوں کو مصروف رکھا جائے گا، انھیں انگریزی زبان میں بات چیت کی تربیت بھی دی جائے گی۔
سابق آل راؤنڈر کو امید ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ کچھ عرصے میں ملک سے بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے میں کامیاب رہیں گے،کوچز صلاحیتیں مزید نکھار کر انھیں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کے قابل بنا دیں گے۔
ذکا اشرف انھیں ہر ممکن سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہیں، گوکہ ابھی کوئی بات فائنل نہیں ہوئی لیکن شاہد آفریدی کی پوزیشن ڈائریکٹر کے برابر ہی ہوگی، وہ پی سی بی کے لیے کْل وقتی خدمات انجام دیں گے،انھیں ٹیلی ویژن و دیگر مصروفیات کو ترک کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے شاہد آفریدی سے گذشتہ دنوں ملاقات کر کے انھیں ملکی کرکٹ کے لیے خدمات انجام دینے کا کہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہد آفریدی چیف سلیکٹر کا عہدہ دوبارہ سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، ان کا خیال ہے کہ وہ گراس روٹ لیول پر کام کر کے ملک کے کام آسکتے ہیں۔