ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائزز نے اسکواڈز میں موجود خلا پْر کرلیے، سپلیمنٹری اور متبادل کرکٹرز کا انتخاب ہوگیا جب کہ کیریبیئن آندھی پاکستان میں بھی چلے گی۔
ایچ بی ایل، پی ایس ایل میں مکمل یا جزوی طور پر عدم دستیاب کرکٹرز کا خلا پْر کرنے کا موقع سپلیمنٹری ڈرافٹ میں دیا جاتا ہے، گزشتہ روز یہ مرحلہ مکمل ہوگیا،فرنچائزز کے نمائندوں نے ویڈیو کال پر ہونے والے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، پشاور زلمی میں مکمل طور پر عدم دستیاب لونگی نگیڈی کا خلا شمر جوزف پْر کریں گے۔
ویسٹ انڈین پیسر نے برسبین میں ٹیم کی کینگروز کیخلاف تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام بنالیا ہے، مبصرین انھیں مستقبل کا سپر اسٹار قرار دے رہے ہیں۔
ایک اور متبادل کے طورپرمنتخب ہونے والے گس اٹکنسن کی آمد پر بھی شمر جوزف بطور بیک اپ اسکواڈ کے ساتھ موجود رہیں گے، فرنچائز نے عدم دستیاب نور احمد کی جگہ وقار سلام خیل کو لیا ہے، فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جزوی طور پر عدم دستیابی کے باعث ارشد اقبال کو منتخب کیا گیا، نوین الحق جزوی طور پر دستیاب ہوں گے۔
ٹیم نے متبادل کے انتخاب کے لیے اپنا حق محفوظ کرلیا، لیوک ووڈ اور سفیان مقیم بھی پشاور زلمی کے اسکواڈ کا حصہ بنے۔لاہور قلندرز کے راشد خان مکمل طور پر ایونٹ سے باہر ہوگئے، ڈین لارنس جزوی طور پر دستیاب ہوں گے، ٹیم نے دونوں متبادل کے انتخاب کا حق محفوظ کرلیا۔
گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بھانوکا راجا پکسے اور مقامی پلیئر طیب عباس کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹام کرن کی خدمات مکمل طور پر حاصل نہیں ہوں گی، متبادل کے انتخاب کا حق محفوظ کرلیا گیا،اوبید میک کوئے اور حیدرعلی کو منتخب کیا گیا ہے۔
کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ کے جزوی متبادل کے طور پر زاہد محمود کو چنا، ٹم سیفرٹ نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد دستیاب ہوں گے، ان کے متبادل کا حق محفوظ کرلیا گیا، لیوس ڈوپلوئے، لوری ایوانز اور محمد روحید کو شامل کیا گیا ہے۔
وانندو ہسارنگا سری لنکا کی سیریز کے باعث جزوی طور پر دستیاب ہوں گے جس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے بسم اللہ خان کو متبادل کے طور پر منتخب کر لیا، لوری ایونز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیاہے۔
ملتان سلطانز نے ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس کا انتخاب کیا، ویسٹ انڈین اسٹار اس سے قبل ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں، محمد شہزاد کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں، انھوں نے گذشتہ انڈر19ورلڈکپ میں شرکت کی تھی۔