پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقہ کے اسپنر تبریز شمسی کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑی عمدہ پرفارم کررہے ہیں یہی پی ایس ایل کی خوبصورتی ہے۔
تبریز شمسی نے پشاورزلمی کے کپتان بابر اعظم کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ پی ایس ایل کے کسی بلے باز کو کم نہ سمجھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے لیفٹ آرم اسپنر تبریز شمسی کا پی ایس ایل کے حوالے سے کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارم کیا، یہی لیگ کی خوبصورتی ہے۔
لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ میں کراچی کنگز کے پریکٹس سیشن کے دوران تبریز شمسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک معیاری لیگ ہے، پاکستان میں بولرز بہت اچھے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ اچھے فاسٹ بولرز پیدا کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اپنی مہارت سامنے لانے کا ایک اچھا پلیٹ فارم ہے، گزشتہ سیزن کی کارکردگی اب ماضی کا حصہ ہے۔ تبریز شمسی نے کہا کہ آپ چیمپئین بھی ہوں تو پھر بھی آپ کو نیا سیزن صفر سے شروع کرنا پڑتا ہے، ہمار ی مینجمنٹ نئی ہے، ماحول اچھا بنا ہوا ہے اور ٹریننگ اچھی جا رہی ہے، بیٹنگ ہمارا مسئلہ نہیں ہے، ابھی بہت میچ باقی ہیں۔
بابر اعظم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں وہ ہر جگہ اچھا پرفارم کرتے ہیں۔ بابر اعظم ٹیم میں اکیلے بلے باز نہیں دیگر بلے باز بھی ہیں اس لیے ہم صرف ایک پر تمام تر توجہ مرکوز نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں بہت لطف اندوز ہورہا ہوں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اچھی بات یہ ہے کہ شائقین میدان میں دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ تبریز شمسی نے کہا کہ لاہور میں سائوتھ افریقہ کی جانب سے ایک سیریز کھیل چکا ہوں لیکن یہ کرونا کی پابندیوں کے دن تھے، اس بار اسٹینڈز میں شائقین موجودگی کو انجوائے کروں گا۔