آسٹریلوی ٹیم کے اوپنر بائیں ہاتھ کے بلے باز ڈیود وارنر نے حال ہی میں اپنے ٹیسٹ اور ون ڈے کیریئر کو الوداع کہا ہے۔ اس یادگار موقع پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ڈیوڈ وارنر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر انہیں خصوصی تحفہ پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک اور آسٹریلیا کے آل ٹائم سیکنڈ ٹاپ اسکورر ڈیوڈ وارنر نے ہفتہ کے روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے ریڈ بال کیریئر کا آخری میچ باضابطہ طور پر کھیلا۔ پاکستان کے ریڈ بال کپتان شان مسعود نے وارنر کو بابر اعظم کی شرٹ پیش کی جس پر تمام قومی کھلاڑیوں نے ان کے شاندار کیریئر کی تعریف کے طور پر دستخط کیے تھے۔
شان مسعود نے ڈیوڈ وارنر کو تحفہ لینے کے لئے اسٹیج پر آنے کو کہا اور ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے ان کے طویل اور شاندار کیریئر کی تعریف کی۔
ڈیوڈ وارنر، جنہوں نے آسٹریلیا کے ساتھ تمام فارمیٹس میں 18,612 رنز بنائے اسٹیج پر آئے اور تحفہ وصول کیا جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے کچھ لمحات شیئر کیے۔
شان مسعود نے وارنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "بہت بہت شکریہ. پی ایس ایل میں ملیں گے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے صرف سوچا کہ پورا اسکواڈ آپ کو بابر اعظم کی شرٹ ایک مثبت علامت کے طور پر دے رہا ہے، ہم آپ کے لیے مستقبل کی کوششوں میں آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔"