پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اپنے عزائم اور اسٹریٹجک نقطہ نظر کا اشتراک کیا ہے جس کا مقصد قومی ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ(ڈبلیوٹی سی) 2023-2025 کے فائنل میں پہنچنے کے لیے رہنمائی کرنا ہے۔
وزڈن کرکٹ منتھلی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران، شان مسعود نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے کی خواہش ظاہر کی، ان کا کہنا تھا کہ چاہے مقام یا موقع کچھ بھی ہو مگر میری تمنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ میں کپتانی کروں۔،،
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا ٹیسٹ میچ پاکستان میں ہو یا انڈیا میں، یہاں تک کہ احمد آباد کے گراؤنڈ میں یا ہم پاکستان میں یا کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلتے ہیں، تو میرا خیال ہے کہ انڈیا اور پاکستان کا میچ دنیا کا کوئی بھی مقام ہو سکتا ہے۔ یہ بہت اچھا ہوگا۔،،
اپنی بات چیت کے دوران شان مسعود نے کہا کہ آپ دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں اور ہندوستان یقیناً دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے، خاص کر جب بات ٹیسٹ کرکٹ کی ہو۔ ہم نے ابھی ایک بہت ہی دلچسپ ہندوستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز دیکھی۔ میں اسے (بھارت بمقابلہ پاکستان) کے لیے پسند کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔
شان مسعود اس میچ کی امید رکھتے ہیں، خاص طور پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موقع پران کا خیال ہے پاکستان اور بھارت آسمنے سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اگرچہ اس کا امکان نظر نہیں آتا، لیکن آپ کو مستقبل کا کبھی معلوم نہیں ہوتا مگر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کسی لمحے یہ اگر ہوتا ہے تو بہت اچھا ہوگا۔،،
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ لیکن ابھی ہمیں کچھ کام کرنا ہے۔ ہمیں اپنی تمام ہوم سیریز جیتنے اور کچھ پوائنٹس حاصل کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہم اب بھی اچھی پوزیشن میں ہیں۔ ہمیں اسے سیریز بہ سیریز آگے لے جانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اگلے ٹیسٹ میچ سے پہلے آٹھ ماہ باقی ہیں اس لیے ابھی بہت کچھ سوچنا باقی ہے کہ ہم اس تک کیسے پہنچنا چاہتے ہیں۔،،
غور طلب بات یہ ہے کہ ٹیم انڈیا فی الحال آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023-25 کی اسٹینڈنگ میں سرفہرست ہے، جس نے نو میچوں میں چھ فتوحات حاصل کی ہیں، اس کی جیت کا تناسب فیصد 68.51 فیصد ہے۔ اس کے برعکس پاکستانی ٹیم پانچ میں سے دو میچ جیت کر چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے، جس کے نتیجے میں جیت کا تناسب 36.66% ہے۔