قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابراعظم کے نئے کردار کے لیے پرجوش ہیں،بابر اعظم کی بیٹنگ فارم کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں، شاہین آفریدی کا ورک لوڈ کم کریں گے۔
شان مسعودکاکہناتھاکہ بابر اعظم نیٹ پر گھنٹوں پریکٹس کر رہے ہیں، ان کی فٹنس بہت اچھی ہے، میں ان کے سڈنی ٹیسٹ میں بڑا سکور کرنے کا منتظر ہوں۔
ٹیسٹ کپتان نے سڈنی میچ کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ شفیق کو ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں ایک مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پہلی سلپ میں تین کیچز گرائے گئے۔
پچھلے دونوں میچز میں خراب فیلڈنگ کے باوجود پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے میلبرن میں چوتھے دن کی صبح تک عبداللہ شفیق کو اس پوزیشن پر برقرار رکھنے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ شان مسعود نے کہا کہ "ایک کھیل میں آپ کے ہاتھ بندھے ہوتے ہیں کیونکہ سلپس بہت ماہر پوزیشنز ہوتی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں فیلڈنگ کی بہت سی جگہیں بہت مہارت کی متقاضی ہوتی ہیں۔ ہمارے پاس چار حقیقی فاسٹ بولرز تھے اس لیے انہیں سلپس میں لانا مشکل تھا۔ ہمارے لیے اچھے سلپس مین ہیں اور یہ وہ لوگ ہیں جو روزانہ گھنٹوں مشق کرتے ہیں"۔
عبداللہ شفیق کے لیے پریشانی کے امکان کو تسلیم کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو بابر اعظم کو فرسٹ سلپر کے طور پر کھڑاکرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ " عبداللہ شفیق ایک شاندار سلپ فیلڈر ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگر وہ اس جگہ پر آرام دہ محسوس نہیں کرتے تو بابر اعظم کو وہاں لے آئیں گے کیونکہ بابر ایک اچھا فرسٹ سلپ کا فیلڈر ہے۔"
سیریز کے 2 ٹیسٹ میچز میں بابر اعظم کی کارکردگی سے متعلق خدشات کو دور کرتے ہوئے شان مسعود نے بابراعظم پر ٹیم کے اہم کھلاڑی کے طور پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ آئندہ سڈنی ٹیسٹ میں بابر کے بلے سے اہم کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ بابر اعظم کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی فکر نہیں۔ ان کا نقطہ نظر مثبت ہے۔ وہ نیٹ پر گھنٹوں پریکٹس کر رہے ہیں اور ان کی فٹنس بہت اچھی ہے۔ میں ان کے سڈنی ٹیسٹ میں بڑا اسکور کرنے کا منتظر ہوں۔،،
شان مسعود نے کہا کہ شاہین آفریدی کو سڈنی میں سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آرام دیا گیا ہے، کیونکہ شاہین آفریدی نے حالیہ دنوں میں عالمی کرکٹ میں سب سے زیادہ اوورز کروائے ہیں، وہ ٹریننگ سیشنز میں بھی اپنا 150 فیصد دیتا ہے۔ وہ اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہتا ہے۔ وہ ہمارا اہم کھلاڑی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم شاہین آفریدی کی بہت اچھی طرح دیکھ بھال کریں اوراس کا ورک لوڈ کم کریں گے ۔“