بھارت نےافغانستان کو6وکٹوں سے ہرادیا، آل راؤنڈرشیوم دوبے پلیئر آف دامیچ

پہلے ٹی 20 میچ میں ہندوستان نے افغانستان کو ہرادیا۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارت اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی20 سیریز کا پہلا میچ موہالی میں انتہائی سرد موسم میں کھیلا گیا۔ پہلا میچ ہندوستان نے بہ آسانی 6 وکٹوں سے جیت لیا، لیکن کچھ ایسی چیزیں ضرور رہیں جس کے بارے میں بھارتی ٹیم کو غور کرنا ہوگا۔ مثلاً روی بشنوئی نے 3 اوورز میں 35 رنز دیئے اور بہت مہنگے ثابت ہوئے اور شبھمن گل اچھی شروعات کے باوجود غلط وقت پر آؤٹ ہوگئے۔  ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی شروعات بہت دھیمی رہی کیونکہ ارشدیپ سنگھ اور مکیش کمار نے اچھی لائن لینتھ کے ساتھ گیندبازی کی۔ افغانستان کی پہلی وکٹ 50 رن پر گری جب رحمان اللہ گرباز 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے لیے افغانستان نے 8 اوور لے لیے۔ یعنی رَن ریٹ بہت اچھا نہیں تھا۔ پھر جلد ہی کپتان ابراہیم زادران 25 رن بناکر اور رحمت شاہ 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یہاں پر محمد نبی نے تیزی کے ساتھ رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ انھوں نے 27 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی اور مکیش کمار کی گیند پر رنکو سنگھ کو کیچ تھما بیٹھے۔ آخر میں نجیب اللہ زادران نے 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رن بنا کر کسی طرح ٹیم کو لڑنے لائق اسکور تک پہنچایا۔ کریم جنت نے 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 9 رنز کا تعاون کیا۔ 20 اوورز میں افغانستان کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ 
بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل اور مکیش کمارنے 2-2 وکٹیں لیں۔ 1 وکٹ شیوم دوبے کو ملی جنھوں نے 2 اوورز میں محض 9 رن دیے۔ ارشدیپ ایک بھی وکٹ نہیں حاصل کرسکے، لیکن انھوں نے 7 اوورز میں ایک میڈن کے ساتھ 28 رنز ہی دیے۔ روی بشنوئی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 3 اوورز میں 35 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کی۔ 
جب ہبھارت نے 159 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا شروع کیا تو کپتان روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے رَن آؤٹ ہو گئے۔ شبھمن گل، روہت کی آواز پر رَن لینے کے لیے نہیں دوڑے اور دونوں ہی کھلاڑی بولنگ اینڈ پر کھڑے نظر آئے جب افغان فیلڈر نے وکٹ کیپر کی طرف گیند پھینک کر روہت کو رَن آؤٹ کر دیا۔ شبھمن گل کی اس غلطی پر کپتان روہت شرما ناراض بھی ہوئے۔ سست شروعات کے بعد شبھمن گل نے کچھ اچھے شاٹ لگائے، لیکن بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں آگے بڑھے اور اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 12 گیندوں پر 23 رنز کا تعاون کیا۔ تلک ورما اور شیوم دوبے نے بھارت کے لیے تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا، لیکن پھر تلک ورما 22 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز جتیش شرما نے بھی تیزی سے رن بٹورے اور اسی کوشش میں 20 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شیوم دوبے نے 40 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 60 رنز اسکور کیے اور رنکو سنگھ نے بھی 9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 16 رنز بنائے۔ شیوم دوبے کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے پلیئر آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بھارت نے 159 رنز محض 4 وکٹوں کے نقصان پر 17.3 اوورز میں حاصل کر لیے۔  
افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمن کو چھوڑ کر کوئی بھی گیندباز بھارتی بلے بازوں پر قابو نہیں رکھ سکا۔ مجیب الرحمن نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ عظمت اللہ عمرزئی کو ملی جنھوں نے 4 اوورز میں 33 رنز دیے۔ فضل حق فاروقی نے 3 اوورز میں 26 رنز، محمد نبی نے 2 اوورز میں 24 رنز، نوین الحق نے 3.3 اوورز میں 43 رنز اور گلبدین نائب نے 1 اوور میں 12 رنز دیئے۔