ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں پی ایس ایل سیزن 8 کے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کراچی کنگز کے بیٹر شعیب ملک نے ہر شعبے میں تجربے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بھارتی فلم اسٹار شاہ رخ خان اور سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کی مثال پیش کی۔
پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے پشاور زلمی کے خلاف پرفارمنس کے بعد شعیب ملک کو ’اولڈ از گولڈ‘ کہا، جس پر ملک نے جواب دیا، ’شاہ رخ خان نے حال ہی میں ایک فلم کی، وہ بھی ’اولڈ از گولڈ‘ لگ رہے تھے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ ہمیں عمر پر زیادہ زور نہیں دینا چاہیے، اگر نوواک جوکووچ 36 سال کی عمر میں کوئی گرینڈ سلیم جیت سکتے ہیں تو ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ کوئی شخص کسی نوجوان کا مقابلہ کر سکتا ہے یا نہیں۔ ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ہمیں کسی سینئر کھلاڑی کو میدان میں چھپانے کی ضرورت نہیں ہے یا پھر وہ ڈریسنگ روم کے ماحول کو خراب نہیں کر رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قواعد سب کے لیے یکساں ہونے چاہئیں، عمر رسیدہ کھلاڑیوں کے لیے مختلف قوانین نہیں ہونے چاہئیں۔
شعیب ملک نے پشاور زلمی کے خلاف 34 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ عماد وسیم اور شعیب ملک نے پشاور زلمی کے خلاف پانچویں وکٹ کے لیے 131 رنز کی شاندار شراکت داری کے ساتھ اپنے ہدف کا تعاقب کیا تاہم ان کی کوشش رائیگاں گئی اور زلمی نے کنگز کے خلاف 2 رنز سے فتح حاصل کی۔
آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ سے مکمل طور پر بور ہوجاؤں تب ایک ہی دفعہ ریٹائرمنٹ لوں گا، ملک کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہوتی ہے، میں اس دور سے آگے نکل چکا ہوں، میری کوشش ہے کہ 15 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کروں۔
شعیب ملک نے محمد عامر کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ وہ ایک کوالٹی بولر ہے، اختلاف اپنی جگہ لیکن عزت و احترام کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، تجربہ کار آل راؤنڈر نے ہر شعبے میں تجربے کی اہمیت پر زور دیا۔