ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے دوسرے میچ میں پاکستان چیمپیئنز نے ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دے کر مسلسل اپنا دوسرا میچ جیت لیا۔  ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کی اس مسلال دوسری کامیابی کے حصول میں شعیب ملک نے اہم کردار ادا کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے معرکے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان لیجنڈز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ 
گرین شرٹس کی جانب سے آل راؤنڈر شعیب ملک نے 54 اور شرجیل خان نے 35 رنز بنائے، صہیب مقصود 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اننگز کے اختتامی لمحات میں عامر یامین نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 2 زبردست چھکے شامل تھے۔ 

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز لیجنڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 بناسکی، ڈوین اسمتھ 64 رنز بناکر نمایاں رہے تاہم ان کے علاوہ کوئی بیٹر پاکستان بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا۔ 
دیگر کھلاڑیوں میں جوناتھن کارٹر 34رنزبناکر نمایاں رہے جبکہ چیڈوک والٹن 16 اور جروم ٹیلر 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کوٹے کے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان لیجنڈز نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔