سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کیخلاف پاکستانی ٹیم 313 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی جبکہ عامر جمال نے 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈیبیو کرنیوالے نوجوان بیٹر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق صفر پر پویلین لوٹے۔ مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم نے 26 رنز بنائے اور سعود شکیل 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
چھٹی وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے جبکہ سلمان آغا نے 53 رنز بنائے، ساجد خان 15 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
نویں وکٹ کی شراکت میں عامر جمال اور میر حمزہ نے 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کا اسکور 313 رنز تک پہنچایا۔ عامر جمال نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ نتھین لائن کا شکار بنے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 4، مچل اسٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نتھین لائن اور مچل مارش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ:
کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان شان مسعود، اوپنر صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال شامل ہیں۔