قومی کرکٹرزصہیب مقصود اور عامر یامین سے رشوت وصول کرنے والے سندھ پولیس کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالت میں بند کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع شہید بینظیر آباد میں سکرنڈ تھانے کی حدود میں سپرہائی وے پر قومی کرکٹرز سے رشوت وصول کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، چاروں پولیس اہلکارسکرنڈ تھانے میں تعینات تھے۔ ڈی آئی جی ضلع شہید بینظیر آباد نے ایس ایچ او سکرنڈ اور منشی کو بھی غفلت و لاپروائی کا مرتکب قرار دیکر معطل کردیا ہے، آئی جی سندھ رفعت مختیار راجہ نے کراچی سے ملتان جانے والے قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے رشوت طلب کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی شہید بے نظیرآباد کو فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد پرویز چانڈیو نے فوری انکوائری رپورٹ ترتیب دیتے ہوئے رشوت خوری میں ملوث سکرنڈ تھانے کے 4 پولیس اہلکاروں کی نشاندہی کی تھی، قومی کرکٹر ز سے رشوت لینے میں ملوث پائے جانے پر چاروں اہلکاروں کو باقاعدہ گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور مزید قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب واقعے کی انکوائری رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹرز نے سندھ پولیس کی رشوت خوری کا خلاصہ سوشل میڈیا پر کیا تھا، جس کے بعد سندھ حکومت اور پولیس حرکت میں آئی تھی۔
اپنی ٹوئٹ میں کرکٹر صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ ہر 50 کلومیٹر کے بعد آپ کو روکتی ہے اور پیسے مانگتی ہے، ہمارے بتانے کے باوجود اہلکاروں نے 8 ہزار روپے رشوت لی اور پھر جانے دیا۔