پاک زمبابوے سیریز،اسموگ کا خطرہ منڈلانے لگا

کراچی: پاک زمبابوے سیریزپراسموگ  کا خطرہ منڈلانے لگا،گذشتہ روز پی سی بی نے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا،دوسرے حصے کے میچز میں مزید ردوبدل کا امکان ہے،’آپریشنل‘ مسائل نے ملتان کو میزبانی سے محروم کردیا، آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا انعقاد اب راولپنڈی میں ہوگا، مہمان سائیڈ 3 ٹی 20 میچز کی سیریز لاہور میں کھیلے گی۔ زمبابوین ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے زمبابوے سے ہوم سیریز کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا، حسب توقع مہمان ٹیم مہم کا آغاز ملتان کے بجائے پنڈی اسٹیڈیم سے کرے گی،آئی سی سی ورلڈ کپ سپرلیگ کے تحت3ایک روزہ میچز پہلے ملتان میں شیڈول تھے تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کی مد میں 20 کروڑ روپے طلب کیے جانے سے بورڈ حکام کا دل کھٹا ہوگیا، ’لاجسٹک اور آپریشنل‘ وجوہات کی بنا پر ان مقابلوں کو راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے،پہلا میچ 30 اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اسی طرح پہلے پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول 3 ٹوئنٹی 20 میچز اب لاہور منتقل کردیے گئے جوقذافی اسٹیڈیم میں بالترتیب 7، 8 اور 10 نومبر کوہوں گے۔ واضح رہے کہ زمبابوین ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی،21 سے27 اکتوبر تک قرنطینہ مدت اور پریکٹس ہوگی جبکہ 28 اور 29 اکتوبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس شیڈول ہے۔

12 نومبر کو مہمان سائیڈ وطن روانہ ہوجائے گی۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ نومبر میں لاہور میں اسموگ کی صورتحال کے سبب ہم محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا، راولپنڈی میں ون ڈے میچز کے انعقاد پرکوئی غیریقینی نہیں ہے۔