جنوبی افریقا کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں محمد حفیظ، عماد وسیم، عبداللہ شفیق اور وہاب ریاض کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کو ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا گیا ہے، تمام لڑکوں نے بہترین پرفارم کیا امید ہے یہی تسلسل برقرار رہے گا، کھلاڑیوں کے ٹیم میں کردار کو دیکھتے ہوئے سلیکشن کی گئی ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ کچھ اہم چیزیں نوٹ کی ہیں جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاور پلے میں اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے والے لڑکے چاہیں اور مڈل آرڈر میں میچ کو ختم کرنے والے بلے بازوں کی ضرورت ہے، آل راؤنڈرز کو بھی توجہ دی گئی ہے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ عثمان قادر اور زاہد محمود 20 رکنی ٹیم میں شامل ہیں، محمد حفیظ ٹی ٹین لیگ اورعماد وسیم فیملی وجوہات کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں، شاداب خان انجری کے باعث منتخب نہ ہو سکے جب کہ فخرزمان، عبداللہ شفیق، وہاب ریاض، اور محمد موسی کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابراعظم کپتان، حیدرعلی، خوشدل شاہ، حسین طلعت، دانش عزیز، آصف علی، افتخار احمد، ظفر گوہر، محمد نواز، فہیم اشرف، عامر یامین، عماد بٹ، محمد رضوان، سرفراز احمد، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، محمد حسنین، زاہد محمود، عثمان قادر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔