جنوبی افریقہ نے دورہ پاکستان کے لیے 15 رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم کی عبوری کپتان سن لوس اب دورہ پاکستان میں ٹیم کی قیادت نہیں کریں گی کیونکہ جنوبی افریقہ نے یکم ستمبر سے شروع ہونے والے پاکستان کے دورے کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اور توقع ہے کہ نئی کپتان کے نام کا اعلان جلد کردیاجائے گا۔
سن لوس نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اپنی سرزمین پر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ٹیم کی قیادت کی تھی تاہم پروٹیز، آسٹریلیا سے ہار گئے تھے۔ موجودہ اسکواڈ میں بھی اسی طرح کی مماثلت ہے، ورلڈ کپ کھیلنے والی 15 میں سے 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جو ان کی یادگارٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مہم کا حصہ تھیں۔
جنوبی افریقہ دورہ پاکستان سے قبل جلد ہی ویمن ٹیم کی نئی کپتان کا اعلان کرے گا، اس دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 سائیکل کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریزکےلیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیاہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے پریکٹس شروع کردی۔ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں جنوبی افریقہ سیریز کے خلاف اعلان کردہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ عبوری ہیڈ کوچ محتشم رشید کے زیر نگرانی پلیئرز نے بیٹنگ، بالنگ اور فزیکل فٹنس کی بھرپور ٹریننگ کی۔ یہ بھی پڑھیں: فیفا ویمنز کی ورلڈ چیمپئن کون؟ فیصلہ ہو گیا واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یکم ستمبر سے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی ۔