برطانیہ میں فسادات: سری لنکن کھلاڑیوں کا تحفظات کا اظہار

انگلینڈ میں موجود سری لنکن کرکٹرز نے فسادات کے باعث سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کردیا، دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کا آغاز 21 اگست سے مانچسٹر میں ہونا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ساؤتھ پورٹ میں مساجد پر حملوں سمیت انگلینڈ کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے باعث سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے سری لنکا کرکٹ اور ٹیم کو حفاظتی انتظامات کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے 9 کھلاڑی اور 2 آفیشلز سیریز سے قبل ٹریننگ کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں، کھلاڑیوں نے انگلینڈ میں حالیہ بدامنی کے واقعات پر تشویش اور ٹیم کی حفاظت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ 
کھلاڑیوں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ اگلے چند دنوں میں بہتر سیکورٹی کا بندوبست کیا جائے کیونکہ وہ لندن کے قریب گراؤنڈ میں جاتے ہیں۔
انگلینڈ میں موجود ایک کھلاڑی نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ مظاہرے اگرچہ ہمارے زیادہ قریب نہیں ہیں لیکن ہر کوئی اب تھوڑا فکر مند ہورہا ہے۔ ہم باہر رات کے کھانے پر نہیں جاسکتے اور نہ ہی ایسی کوئی دیگر سرگرمی کر سکتے ہیں، ہمارا زیادہ تر وقت ہوٹل میں ہی گزرتا ہے، کوئی بھی نہیں چاہتا کہ مصیبت میں پڑ جائے اور مار پیٹ یا ناخوشگوار صورتحال ہو، ہم نے بورڈ سے کہا ہے کہ کوشش کریں اور ٹیم کا دیگر اسکواڈ آنے تک ہمارے لئے کچھ سیکیورٹی فراہم کی جائے۔،، 
سری لنکا کے بقیہ اسکواڈ کی 11 اگست کو برطانیہ آمد متوقع ہے، یہ سیریز کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کے ساتھ موافق ہے۔ ٹیم کے خدشات کے جواب میں، ای سی بی نے انہیں اپنے قیام کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔  

یاد رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان اس دورے میں تین ٹیسٹ میچ ہوں گے، پہلامیچ 21 اگست کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں، دوسرا 29 اگست کو لارڈز میں، اور تیسرا 6 ستمبر کو اوول میں کھیلا جائے گا۔