پی ایس ایل 9 کے لیے ستاروں سے بھرپورکمنٹری پینل کا اعلان کردیاگیا

پی ایس ایل 9 کے لیے ستاروں سے بھرے چمکتے دمکتے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا۔ پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) نے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے لیے کمنٹیٹرز کی ایک متاثر کن لائن اپ کا انکشاف کیا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ 9 کے میچ آفیشلز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے چار امپائرز بھی شامل ہیں۔
لیگ کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں سیزن کے میچ آفیشلز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 14 سے 18 مارچ تک کراچی میں ہونے والے کوالیفائر، دو ایلیمینیٹر اور فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ 

شیڈول کے مطابق لیگ کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ کراچی اور راولپنڈی میں 28 فروری سے 12 مارچ تک 16 میچ کھیلے جائیں گے۔ 
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ آفیشلز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے چار ارکان رچرڈ النگورتھ، کرس گیفینی، احسن رضا اور مائیکل گف کے ساتھ علیم ڈار، طارق رشید، شوزیب رضا، راشد ریاض، فیصل آفریدی، روچیرا پالیا گوروگے، آصف یعقوب، الیکس وارف، عبدالمقیت، محمد آصف ناصر حسین اور عمران جاوید شامل ہیں جبکہ غیر ملکی امپائرز میں سے رچرڈ النگورتھ اس سے قبل لیگ کے چھ ایڈیشنز میں امپائر رہ چکے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل میں 48 میچز میں امپائرنگ کی ہے۔ 
انگلینڈ کے مائیکل گف اس سے قبل چار ایڈیشنز کے 34 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں، اس کے بعد الیکس وارف 11 اور سری لنکا کے روچیرا پالیا گوروگے 3 میچز میں امپائر رہ چکے ہیں۔ 
نیوزی لینڈ کے کرس گیفینی 18 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان لیگ میں اپنا پہلا میچ سپروائز کریں گے۔ 
روشن ماہناما جنہوں نے لیگ کے 97 میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیے ہیں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق رکن بھی ہیں اور مسلسل نویں سال پی ایس ایل میں شامل ہوں گے اور تین میچ ریفریز کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن کے دیگر اراکین میں علی نقوی اور محمد جاوید شامل ہیں۔ 
لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں تجربہ کار امپائر علیم ڈار اور مائیکل گف امپائرنگ کریں گے۔ 
طارق رشید ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ شوزیب رضا ریزرو امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری کے فرائض محمد جاوید سرانجام دیں گے۔ 
پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 9ویں سیزن کے کمنٹیٹرز کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ پی ایس ایل سیزن 9 میں پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا کی بطور کمنٹیٹر واپسی ہوئی ہے۔ کمنٹری پینل میں وقار یونس، عامر سہیل، ثنا میر، بازید خان، عروج ممتاز، مرینا اقبال شامل ہیں۔ دیگر کمنٹیٹرز میں این بیشوپ، مائیکل کلارک، ڈینی موریسن، سائمن ڈول، پومی امبنگوا اور مارک بوچر شامل ہیں۔ سکندر بخت، ڈومینک کورک، طارق سعید، علی یونس اور مائک ہسمین بھی کمینٹری پینل کا حصہ ہیں۔ اسی طرح زینب عباس اور ایرین ہالینڈ بطور پریزنٹر پی ایس ایل نائن میں فرائض سرانجام دیں گی۔