پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) نے اسپنر سفیان مقیم کی صحت کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کردی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹر کا بائیں گھٹنے کا آپریشن ہونے کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور وہ گھر پر آرام کررہے ہیں۔پاکستان اے کے لیفٹ آرم اسپنر سفیان مقیم کو بائیں گھٹنے کے آپریشن کے لیے لاہور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق اسپنر سفیان مقیم کا 8 جنوری کی شام لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں بائیں گھٹنے کا آپریشن ہوا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ڈاکٹر سہیل سلیم کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل نے ان کا معائنہ کیا، سرجن تین دن بعد ان کا دوبارہ معائنہ کریں گے۔
پی سی بی کی میڈیکل ٹیم سرجن کی ہدایات کے مطابق کرکٹر کی بحالی کا پلان بنائے گی۔
سرجری سے قبل سفیان مقیم نے ٹرینرز اور میڈیکل پینل کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تین ہفتوں کی پری ری ہیب میں حصہ لیا تھا۔
یاد رہے کہ 24 سالہ اسپنر سفیان مقیم نے گزشتہ سال چین کے شہر ہانگزو میں منعقدہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، تاہم وہ گھٹنے کی انجری کے باعث سال بھر سے کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں۔