امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے بھارتی ٹیم کے کپتان کا باضابطہ اعلان ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر (بی سی سی آئی) جے شاہ نے اعلان کیا کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے روہت شرما کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 2023 کےورلڈکپ کا فائنل آسٹریلیا کیخلاف نہیں جیت سکے تاہم ورلڈکپ ٹورنامنٹ کے 10 میچز جیت کر شائقین کرکٹ کا دل جیتنے میں کامیاب رہے۔
ان کا کہنا تھا امید کرتا ہوں کہ بھارتی ٹیم روہت شرما کی قیادت میں بارباڈوس میں منعقد ہونے والا ٹی20 ورلڈکپ 2024 جیتے گی۔
روہت شرما نے 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد سے بھارت کیلئے کوئی ٹی20 میچ نہیں کھیلا تھا تاہم افغانستان کیخلاف سیریز میں انکی واپسی ہوگی، انکی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو سونپی گئی تھی جس کے بعد خبریں سامنے آرہی تھی کہ رواں برس ہونے والے ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی قیادت بھی ہاردک پانڈیا کو ہی سونپی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 رواں برس جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 جون کو مدمقابل ہوں گی۔