انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 امریکا اور ویسٹ انڈیز سے منتقل کرنے کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں امریکی کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیر یقینی صورتحال کے نتیجے میں انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کو ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی میزبانی دینے کے حوالے سے خبریں گردش کررہیں تھی۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کو امریکا اور ویسٹ انڈیز سے منتقل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چونکہ اعلان آئی سی سی نے کیا ہے تو اسے حتمی فیصلہ سمجھنا چاہیے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیزہی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے میزبان رہیں گے جبکہ پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے صورتحال تاحال غیر واضح ہے۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں 20 ممالک شریک ہوں گے جن کے درمیان 55 میچز کھیلے جائیں گے، حکام کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی منصوبہ بندی شروع ہوچکی ہے اور مقام کا معائنہ مکمل کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز خبر چلائی تھی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 2025 کا ٹورنامنٹ پاکستان سے ویسٹ انڈیز اور امریکا منتقل کیا جاسکتا ہے جبکہ سال 2024 کا ٹی20 ورلڈکپ اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیارپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 2024 کے ٹی20 ورلڈکپ کے بجائے امریکا اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کو ہوسٹ کرسکتے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو وینیو تبدیلی پر بھاری معاوضہ دیا جائے گا۔
حکام کی جانب سے بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے جبکہ آئی سی سی کے اگلے میڈیا حقوق کے لیے براڈکاسٹزر بھی اس تجویز سے متفق ہیں، اگر معاملات آسانی سے آگے بڑھتے ہیں تو تبدیلیاں لاگو ہو سکتی ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کو ویسٹ انڈیز اور امریکا منتقل کرنے سے دونوں ممالک کو میزبانی کیلئے ضروری انفرا اسٹرکچر تیار کرنے کا اضافی وقت مل جائے گا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو دے رکھی ہے جبکہ 1996 کے بعد سے کسی عالمی ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں نہیں ہوسکا ہے۔