ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستانی ٹیم کے موجودہ 'کھلاڑیوں' پر ایک بار پھر کڑی تنقید کی ہے۔
وسیم اکرم نے غصے اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اب ایسی ٹیم کی حمایت نہیں کرنا چاہتے۔
امریکا اور ویست انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ2024 کے اپنے پہلئ ہی میچ میں گرین شرٹس کو امریکا جیسی نئی ٹیم کے ہاتھوں شکست کی صورت میں ہزیمت اٹھانا پڑی تھی، قومی ٹیم کے بارے میں مداحوں اور سابق کرکٹرز کی مایوسی اس وقت بھی جاری رہی جب پاکستان نے اپنا اگلا میچ اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف ہارا، اگرچہ میچ کے زیادہ تر وقت کے لیے گرین شرٹس کے پاس جیت کے مضبوط مواقع موجود تھے مگر ٹیم پاکستان نے اپنی ناقص حکمت عملی اور بری پرفارمنس سے آسان میچ بھی ہاتھ سے نکال دیا۔
اس مایوس کن کارکردگی نے فینز کو دل سے مایوس کیا اور کرکٹ کی دنیا کے عظیم اور مشہورشخصیات کے جذبات کو بھڑکا دیا۔ سب سے نمایاں ردعمل میں سے ایک واقعہ وسیم اکرم کا تھا، جو پاکستان کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
پاکستان اور کینیڈا کے میچ سے قبل انہوں نے اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اب وہ اس ٹیم کی مزید حمایت کرنا نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں ان کے اندر وہ جذبہ نہیں لا سکتا، یہ اندر سے آنا چاہئے"
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ "مجھے فرق نہیں پڑتا، بہت ہو گیا ہے، میں نے ان کی حمایت کافی کی ہے، اب مجھے فرق نہیں پڑتا، اگر میرا یہ بیان وائرل بھی ہوجائے۔"
سابق پیسر نے اگرچہ کسی مخصوص کھلاڑیوں کا نام نہیں لیا، لیکن انہوں نے اپنی بات چیت میں ٹیم کو درپیش مسائل کے بارے میں کچھ مدھم اشارے بھی دیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ "کسی کو اس پاکستان کرکٹ ٹیم کے بارے میں سچ بولنا ہے۔ یہ کچھ زیادہ ہو رہا ہے۔ کسی کا موڈ آف ہے، یہ شخص اس شخص سے بات نہیں کر رہا ہے۔ اوہ بھائی! یہ کیا چل رہا ہے! آپ نے ملک کی جذبات کے ساتھ کھیلا ہے، ہر چیز کی حد ہوتی ہے، میں اب مزید اس ٹیم کی حمایت نہیں کرسکتا۔"